اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی کو روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی ۔ چیئرمین پی آئی کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی روکنے کی درخواست پر سماعت کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے ، خواجہ حارث نے آئندہ ہفتے تک کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی ، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کاروائی کو روک رکھا ہے ، اگر یہ وقت مانگ رہے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے ، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ عدالت ٹرائل کورٹ کو کاروائی سے روکنے کا حکم واپس لے لے ، خواجہ حارث نے کہا کہ میں نے ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق بھی درخواست دائر کر رکھی ہے ، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ چھ ہفتے تک کا وقت دیا گیا تھا ابھی تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی رکی ہوئی ہے ، عدالت اسٹے ختم کر کے ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روک سکتی ہے ، خواجہ حارث نے کہا کہ اسی طرح کا ایک اور کیس ہے ڈیڑھ سال سے یہ وہاں نہیں گئے ، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ یہ سابق چیف ایگزیکٹو کے خلاف کیس ہے ، عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ٹرائل کورٹ کو توشہ خانہ کیس کی کارروائی سے روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔















