اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو ہیکنگ اور سائبر فراڈ سے بچانے کے لیے اہم سیکیورٹی ہدایات جاری کی ہیں۔
پی ٹی اے حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چند آسان حفاظتی اقدامات اپنا کر صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی سے بچا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سائبر کرمنلز واٹس ایپ اکاؤنٹس کو ہیک کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں، اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کو مضبوط کریں۔
اتھارٹی نے ہدایت کی کہ واٹس ایپ کا سیکیورٹی نوٹیفکیشن فیچر ایکٹیویٹ کیا جائے۔ اس کے لیے صارفین کو واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جانا چاہیے اور اکاؤنٹ میں ’شو سیکیورٹی نوٹیفیکیشنز‘ کو آن کرنا چاہیے اور پھر سیکیورٹی نوٹیفیکیشن کا آپشن آن کرنا چاہیے۔ اس فیچر کو فعال کرنے سے، آپ کو اکاؤنٹ کی سیکیورٹی میں کسی بھی تبدیلی کی فوری اطلاع موصول ہوگی۔
پی ٹی اے نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک محفوظ اور فعال ای میل ایڈریس بھی منسلک کریں تاکہ ہیکنگ یا کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اکاؤنٹ کی ریکوری آسانی سے کی جاسکے۔
اتھارٹی نے دو قدمی تصدیق کو لازمی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافی سیکیورٹی فیچر ہیکرز اور سائبر مجرموں کو اکاؤنٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پی ٹی اے نے زور دیا کہ تھوڑی سی احتیاط صارفین کے ذاتی ڈیٹا، رابطوں اور ڈیجیٹل لائف کی حفاظت کر سکتی ہے، جب کہ غفلت سائبر فراڈ اور مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:سری لنکا نے پاکستانی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی















