اسولام آباد ( اے بی این نیوز )پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں انکشاف ہوا ہے کہ ریلوے کی 14 ہزار ایکڑ اراضی پر تجاوزات ہیں،کمیٹی نے قابضین کو دیئے گئے گیس اور بجلی کے کنکشن کاٹنے کی ہدایت کردی پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کاچیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وزرات ریلوے سے متعلق سال2019-20 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو پاکستان ریلویز کی 4.4 ارب روپے مالیت کی زمین پر انکروچمنٹ کے معاملے سے متعلق بریفنگ دی، نور عالم خان نے کہا کہ اس میں ریلوے کے ملازمین ملوث ہوتے ہیں،اس معاملے پر نرم گوشی نہیں دکھانی،سب سے پہلے پشاور سے انکروچمنٹ ختم کریں، سیکرٹری ریلوے نے کمیٹی کو بتایا کہ ہماری 14 ہزار ایکڑ زمین پر تجاوزات ہیں ہم جلدی ریکوری کی کوشش کریں گے، کمیٹی نے ہدایت کی کہ معاملے میں ملوث ذمہ داروں کاتعین کیا جائے، کمیٹی نے سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی کی عدم حاضری پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا، نور عالم خان نے کہا کہ آئندہ میٹنگ میں سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی نہ آئے تو ہتھکڑی لگوا کر بلوائیں گے۔۔















