بغداد ( اے بی این نیوز )برادر ملک عراق کا دورہ کرنا میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ میں ڈاکٹر فواد حسین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اس خوبصورت ملک میں آنے کی دعوت دی، جو میرے دل کے بھی بہت قریب ہے۔میری والدہ بے نظیر بھٹو شہید نے عراق کا بہت احترام کیا اور ان کے دورے کی بہت پیاری یادیں تھیں۔میں یہاں اپنے برادرانہ تعلقات کو پھر سے تقویت دینے اور انہیں باہمی احترام، مفادات اور ادارہ جاتی روابط پر مبنی ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے کی خواہش کے ساتھ آیا ہوں۔میں اپنے دوطرفہ تعلقات کو باہمی فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کی اپنی خواہش کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں۔ میرے دورے کے دوران، ہم عراقی قیادت اور نجی شعبے کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ ہم دوطرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے جس میں مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔پاکستان کی طرح عراقی قوم نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور اس لعنت کو شکست دینے میں مثالی ثابت قدمی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی عراقی ہم منصب ڈاکٹر فواد حسین کے ساتھ مشترکہ پریس میں اظہار خیال کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فتح کے حصول کے لیے دونوں قوموں نے بڑی قربانیاں دی ہیں اس فتح کے ثمرات خطے اور اس سے باہر کے لوگوں کو مل رہے ہیں۔دونوں ممالک کثیرالجہتی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ہمارے مشترکہ مقاصد کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ہمارا دفاعی تعاون فروغ پا رہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم دوبارہ تعمیر کریں، پہلے سے زیادہ مضبوط بنیں اور اپنے ممالک کو ترقی پسند قومی ریاستوں میں تبدیل کریں۔مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ دونوں ممالک نے نجف میں پاکستانی قونصل خانہ کھولنے پر اتفاق کیا ہے۔ ہم نے زائرین سے متعلق ایم او یو پر تبادلہ خیال کیا ہے۔میں کربلا میں پاکستانی زائرین کے مرکز کا بھی اعلان کرنا چاہتا ہوں، جو پاکستانی زائرین کو سہولت فراہم کرے گا۔مجھے امید ہے کہ میرا دورہ عوام سے عوام کے رابطوں کو مزید بڑھانے کی راہ ہموار کرے گا۔ پاکستانی افرادی قوت اپنی کارکردگی، مہارت اور عزم کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ہمیں امید ہے کہ دونوں ممالک کی پائیدار ترقی کے مفادات میں تعاون کی راہیں بڑھیں گی۔عراق میں مقدس مزارات میرے لوگوں کے لیے بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو ان مقامات کی سیر کا موقع ملے گا۔ میں پر امید ہوں کہ میرا دورہ ہمارے مشترکہ ورثے پر استوار ہوگا اور ہمارے برادرانہ تعلقات کو وسیع اور گہرا کرنے کا حوصلہ فراہم کرے گا۔ہم عراق کے قریبی دوست تھے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ہم عراق کو امن، خوشحالی، ترقی اور ترقی کے حصول میں اپنا شراکت دار سمجھتے ہیں















