اہم خبریں

موجودہ حکومت نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دی ، سید خورشید شاہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عمران خان اور اس کی پارٹی نے وہ رویہ اختیار کیا جس سے ملک، جمہوریت اور معیشت کو شدید نقصان پہنچا، جتھوں کی سیاست، غیر سیاسی اور غیراخلاقی رویوں سے نہ صرف معاشرہ تنزلی کا شکار ہوتا ہے بلکہ جمہوریت اور جمہوری نظام کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے، موجودہ حکومت نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دی اور معیشت کی بحالی کیلئے سیاسی نقصان اُٹھانے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ کسی بھی گروہ یا جتھے کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے ہی ملک کی حساس عسکری تنصیبات پر دشمن کی طرح حملہ آور ہو اور شہیدوں کی بے حرمتی کرے۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے دشمنی کرنے والوں کے راستے میں نہ پھول بچھائے جا سکتے ہیں اور نہ انہیں مسکراہٹوں کے ساتھ خوش آمدید کہا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھی کو بغاوت اور سازش پر 18 سال قید کی سزا دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ 9مئی کو امریکہ کے برعکس یہاں منظم دہشت گردی اور سازش کی گئی اور ملکی سالمیت کو شدید خطرات سے دوچار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی تاریخ مار دھاڑ، جلاؤ گھیراو اور توڑ پھوڑ سے بھری پڑی ہے اور 9 مئی اُس کی پرتشدد سیاست کا نقطہ انتہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کریڈٹ پر سازش، تشدد، ہٹ دھرمی اور توڑ پھوڑ کے سوا کچھ بھی نہیں اور 9 مئی کے واقعات کے بعد ہم تشدد پسند سیاسی رویوں کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے اور ایسے رویوں کے تدارک کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے نزدیک ملکی سالمیت اور عوامی مفاد سب سے مقدم ہے اور ملکی سالمیت اور عوامی مفاد کی حفاظت کیلئے کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں