اہم خبریں

حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کی خاطر تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین

شیخوپورہ( اے بی این نیوز        )وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت اگست کے وسط میں پوری کررہی ہے جس کے بعد ہی الیکشن کمیشن کے ذریعے انتخابات کے اعلان کیا جائے گا ،جس کا انحصار ملکی حالات پر ہے ،عمران خان کی فتنہ فسادکی سیاست اب اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے ،قوم کے سامنے اس کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ،نواز شریف واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ کسی بھی سیاسی دہشت گرد کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے ،اگر عمران خان سیاسی ہوتے تو 9مئی کے پرتشدد واقعات رونما نہ ہوتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 142کے امیدوار چوہدری شہباز چھینہ کے ہمراہ معززین علاقہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جہاں پر اہل علاقہ نے رانا تنویر حسین اور چوہدری شہباز چھینہ کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کے جھوٹ قوم پر آشکار ہوچکے ہیں ،اپنی حکومت کے بیرونی مداخلت سے گرائے جانے کے الزام سمیت انکے تمام جھوٹوں کا پول کھل چکا ہے ،عمران خان جس ڈھٹائی سے بے بنیاد الزام تراشی کرتے ہیں اسکی مثال ملنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ لیبیا،لبنان،عراق اور شام سمیت دیگر عرب ممامک میں ایک سازش کے تحت پہلے ان ممالک کی فوج اور قومی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کیا گیابعد میں بیرونی ممالک نے مداخلت کی ، اس طر ح یہ ممالک اپنی سالمیت کھو بیٹھے اور بقائ داو¿ پر لگ گئی ،پاکستان میں اسی سازش کو پی ٹی آئی کے ذریعے دہرانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کہ دفاعی تنصیبات اور قابل فخر علامات پر حملہ کرنے والے بلوائیوں کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائیگی، سول علاقوں میں حملہ آور شرپسندوں پر سول عدالتوں میں اور دفاعی اداروں و تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کی خاطر تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور شرپسندی کو کچلنے کیلئے مربوط اقدامات اٹھائے گئے ہیں جنہیں انتقامی کاروائی قرار دیکر پی ٹی آئی اپنے گناہوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔انہوں نے کہا کہ خوشحال پاکستان کیلئے مضبوط معیشت بہت ضروری ہے ،معیشت اچھی ہو گی تو تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں بہتر ی آئے گی ،حکومت معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کر رہی ہے، آئندہ بجٹ عوام دوست ثابت ہوگا اور تمام تر شعبوں کیلئے نمایاں اصلاحات لائی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں