اہم خبریں

ملک میں غذائی قلت کا کوئی خطرہ نہیں ہے، اہم فصلوں کی بہترپیداوارحاصل ہوئی ہے، طارق بشیرچیمہ

اسلام آباد(اے بی این نیوز     )قومی اسمبلی کو بتایاگیاہے کہ ملک میں غذائی قلت کا کوئی خطرہ نہیں ہے، اہم فصلوں کی بہترپیداوارحاصل ہوئی ہے، حکومت غذائی شعبہ میں خودکفالت کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ بدھ کوقومی اسمبلی میں ایف اے او اورعالمی ادارہ خوراک کی جانب سے ملک میں غذائی قلت کے حوالہ رپورٹ پر وجیہہ قمر، عالیہ کامران اورآسیہ عظیم کے توجہ مبذول نوٹس پروفاقی وزیرطارق بشیرچیمہ نے ایوان کوبتایاکہ وہ اس رپورٹ سے کلی اتفاق نہیں کرتے، دونوں ادارے چھ ماہ کی رپورٹ پیش کرتے ہیں، اس بار اس رپورٹ میں سنسنی پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے جو درست نہیں ہے، رپورٹ 350 ارب ڈالرکی جی ڈی پی کی بنیادپربنائی گئی ہے جو درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام قرضے اداکررہے ہیں، اس وقت فصلوں کی صورتحال بہترہے، چائے، خوردنی تیل اوردالوں کی درآمد زیادہ ہے مگراس کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، تیل داراجناس کی کاشت میں اضافہ کیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی فصل ہدف سے زیادہ ہے اورگزشتہ سال کا کیری اوور سٹاک بھی موجود ہے۔اس وقت چاول کی کاشت ہورہی ہے، گزشتہ سال مکئی اورچاول کی بمپرفصل تھی، اسی طرح آلو کی فصل میں بھی بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسان پیکج سے بھی فصلوں کی پیداوارمیں اضافہ ہواہے، عالیہ کامران کے سوال پرانہوں نے کہاکہ پاکستان دالیں درآمد کرتا ہے، مونگ کی دال کی درآمدزیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ غذائی عدم سلامتی کا کوئی خطرہ نہیں ہے،ملک میں دالوں کی کاشت میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں