جوڈیشل کمیشن کو کام سے روکنا گناہ کا اعتراف ہے،مریم نواز

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چیف جسٹس گناہ گار اور سزا کے حقدار ہیں۔ہفتہ کو جاری ٹوئٹر پر بیان میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس کا آڈیو لیکس پر قائم جوڈیشل کمیشن کو کام کرنے سے روکنا ان کے گناہ گار ہونے کا ثبوت اور اعتراف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان شخص اپنے عہدے کو احتساب سے بچنے کیلئے بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ اور آپ کی ساس کا دامن صاف ہے تو کیا آپ کو قانون کا سامنا نہیں کرنا چاہئے؟، یا چیف جسٹس ہونے کے ناطے قانون آپ پر لاگو نہیں ہوتا؟۔مریم نواز نے کہا کہ عمر عطاء بندیال اپنے خاندان کو بچانے کیلئے قانون کا مذاق اور عدلیہ کا تماشہ بنانے کے جرم میں سزا کے حقدار ہیں۔