مظفرآباد (اے بی این نیوز) آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے الیکشن شیڈول کے باوجود گریڈ 19 کی پوسٹ پر تبادلے پر محکمہ صنعت و تجارت سے دو روز میں وضاحت طلب کر لی۔
الیکشن کمیشن نے پابندی کے باوجود تبادلوں اور تقرریوں کا سخت نوٹس لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جونیئر افسر کی درخواست پر اہم عہدے پر تبادلے کا انکشاف ہوا ہے، جس میں بجٹ کے ساتھ گریڈ 19 کی پوسٹ میرپور سے مظفرآباد منتقل کرنے کی سمری منظور کر لی گئی۔
اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے تحریری نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نوٹس کے مطابق محکمہ صنعت و تجارت نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے عوامی و سماجی حلقوں نے سمری کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستانی ٹیم کو بڑا نقصان،شان مسعود دوسرے ٹیسٹ سے باہر















