کراچی(نیوزڈیسک) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ کورکمانڈرلاہور کے گھر میں توڑپھوڑ کی گئی، ریڈیو پاکستان کو جلایا گیا، شہدا کے یادگار کو جلانے سے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی،انہوں نے کہاکہ فوج ہم سے ہے اورہم فوج سے ہیں، اختلاف رائے توماں، باپ، بھائی بہن اور میاں بیوی میں بھی ہوتا ہے۔علی زیدی نے کہا کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے کوئی نہیں روک سکتا لیکن 9 مئی کو جو ہوا وہ دہشتگردی تھی،انہوں نے کہاکہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، کبھی تشدد کی حمایت نہیں کرسکتا۔تحریک انصاف چھوڑنے کے حوالے گردش کرتی افواہوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری سیاسی پیدائش تحریک انصاف میں ہوئی، عمران خان کے علاوہ کسی کو سیاستدان نہیں مانتا، تحریک انصاف اس دن چھوڑوں گا جس دن عمران خان چھوڑیں گے،انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف میری جماعت ہے، مجھ پر کوئی دباؤ ڈال کرپارٹی نہیں چھڑواسکتا۔















