اسلام آباد( اے بی این نیوز )وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر 13 اپریل کو سمرقند میں منعقد ہونے والے افغانستان کے پڑوسی ممالک کے چوتھے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے پڑوسی ممالک کے وزارتی اجلاس کے موقع پر وزیر مملکت دیگر شریک وفود کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گی۔ افغانستان کے پڑوسی ممالک کا میکنزم 2021 میں پاکستان کے اقدام پر قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد افغانستان کی صورتحال پر علاقائی نقطہ نظر کو تیار کرنا ہے۔ پاکستان نے 8 ستمبر 2021 کو ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے پہلے اجلاس کی میزبانی کی۔ پاکستان نے نومبر 2021 میں ایران کے دارالحکومت تہران میں ہونے والے دوسرے اجلاس اور مارچ 2022 میں چین کے شہر تونشی میں منعقدہ تیسرے اجلاس میں شرکت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ طریقہ کار افغانستان کے پڑوسی ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دے گا جو افغانستان کی صورتحال کے براہ راست اسٹیک ہولڈر ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستان ایک پرامن، مستحکم، خودمختار، خوشحال اور منسلک افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔















