اسلام آباد(اے بی این نیوز )چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے سے متعلق قرارداد کی منظوری کے بعد دوبارہ ایوان میں پیش کرنے کا اپوزیشن کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر طاہر بزنجو اور دیگر ارکان کی اس سلسلہ میں قرارداد کی ایوان کے 60 ارکان نے حمایت کی جبکہ ایک رکن سینیٹر مشتاق احمد نے قرارداد کی مخالفت کی۔ جب قرارداد پیش کی گئی تو اپوزیشن ارکان اس سے پہلے واک آئوٹ کر چکے تھے۔ ایوان میں واپسی کے بعد قائد حزب اختلاف سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ہم واک آئوٹ کر گئے تو اس کے بعد ایوان میں قرارداد لائی گئی ہم اسے قبول نہیں کرتے، قرارداد دوبارہ رائے شماری کیلئے پیش کی جائے، اس دوران اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی اور شور شرابہ شروع کر دیا۔ چیئرمین نے کہا کہ جب قرارداد ایک مرتبہ پیش ہو چکی ہے تو اسے دوبارہ نہیں لایا جا سکتا، اپوزیشن کا اعتراض بلاجواز ہے، اپوزیشن ارکان لابی میں موجود تھے، انہیں ایوان میں آ جانا چاہئے تھا، اب میں رولنگ دے چکا ہوں، قرارداد دوبارہ پیش نہیں کی جا سکتی۔















