اہم خبریں

میڈیا نے سیاسی مسائل بارے آگاہی پھیلانے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(اے بی این نیوز    )سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ملکی ترقی میں شعبہ صحافت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست کا ایک دوسرے کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے،میڈیا کمیونٹی نے قومی اور بین الاقوامی سیاسی مسائل کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پھیلانے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے یہ بات سنتے آرہے ہیں کہ پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے تاہم موجودہ چیلنجز کو دیکھا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ واقعی ہی پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کے لئے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے میڈیا بھی اپنا مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بطور پاکستانی ہر ایک کو ملک کو چیلنجز سے نکالنے کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے معاشرے میں برداشت اور تحمل پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عدم برداشت کے رویے کی حوصلہ شکنی کی جائے اور ملک میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے پی ایف یو جے کے ممبران کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے پلیٹ فارم پر صحافیوں کو درپیش مسائل کو بیان کرنے اور ان کا حل تلاش کرنے کے لئے مدعو کرنے کا کہا۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئین کی پاسداری پاکستان میں ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے کو ختم کرنا اور اس کی حوصلہ شکنی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی رجحانات کی حوصلہ شکنی کرنا میڈیا کا فرض ہے کیونکہ صحافیوں کے پاس قلم کی طاقت ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ صحافت کا شعبہ پارلیمنٹ کا اہم جزو ہے۔انہوں نے کہا کہ پریس گیلری کے بغیر پارلیمنٹ کے ایوانوں کی کاروائی مکمل نہیں ہوتی۔

متعلقہ خبریں