اہم خبریں

کراچی ،کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان لڑکی جاں بحق، تحقیقات شروع

کراچی (نیوز ڈیسک) کورنگی عوامی کالونی سیکٹر ایف میں ایک گھر کے اندر فائرنگ کے پراسرار واقعے میں انیس سالہ خیر النسا دختر قدیر جاں بحق ہوگئی، مبینہ طور پر ڈکیتی کےدوران ڈاکوئوں کی فائرنگ سے نوجوان لڑکی جاں بحق ہو ئی،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ورثا کا کہنا تھا کہ چار ملزمان گھر کے اندر داخل ہوئے، انھوں نے اہل خانہ کو رسیوں سے باندھنے کے بعد منہ پر کمبل بھی ڈال دیا ، تین ملزمان نے لوٹ مار کی جبکہ چوتھا ملزم اہل خانہ کی نگرانی کرتا رہا ، واردات کے بعد ملزمان چھت کے راستے متصل ان کے تایا کے گھر میں داخل ہوئے ، اس وقت تایا اور گھر کی بزرگ خواتین تہجد کی نماز کے لیے جاگ رہے تھے ، خواتین کے شور شرابہ کرنے پر گھر کے باہر موجود ملزمان کے ساتھیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک گولی گھر کے اندر خیر النسا کو گردن پر لگی جبکہ دیوار پر بھی گولیوں کے نشانات ہیں۔ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی آواز کے حوالے سے جب اہل محلہ سے معلومات حاصل کی گئیں تو محلے داروں نے بھی نفی میں جواب دیا ، جس گھر میں واردات کا بتایا جارہا ہے اس میں اندر داخل ہونے کا راستہ سوائے مرکزی گیٹ کے کوئی دوسرا نہیں ہے،اس گھر کے دوسری جانب گھروں کی دیواریں ایک دوسرے سے ملی ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق کہ لڑکی کا والد محکمہ ایجوکیشن سے بطور چپڑاسی ریٹائر ہوا ہے جبکہ اس کے بھائی مقامی فیکٹریوں میں ملازمت کرتے ہیں، لڑکی کی تعلیم کے حوالے سے بھی اہل خانہ میں سے کسی نے میٹرک کی اور کسی نے انٹر میڈیٹ کی طالبہ بتایا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں