اہم خبریں

رانا ثنا اللہ کی اعلانیہ دھمکیاں، عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے، چودھری پرویز الٰہی

لاہور(نیوزڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہاہے کہ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اورنگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی زمان پارک میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، عمران خان اس وقت صرف پاکستان کے نہیں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے رہنما ہیں، مسلم لیگ (ن) اور نگران حکومت پنجاب میں الیکشن کے خوف سے پاگل ہو چکے ہیں، رانا ثنا اللہ کی اعلانیہ دھمکیوں سے عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے۔بدھ کو ایک وفدسے ملاقات میں تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کو براہ راست ہدایات دے رہے ہیں، نگران وزیر اعلیٰ نے لاقانونیت کی ساری حدیں پار کر دی ہیں، وہ رانا ثنااللہ کے ساتھ جلد مجرموں کے کٹہرے میں ہوں گے، ملکی تاریخ میں کبھی کسی رہنما کے گھر پر پولیس فورس نے ایسے وحشیانہ حملہ نہیں کیا۔چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدلیہ نے 18 مارچ کو حاضر ہونے کا کہا، پولیس کس کے کہنے پر چار دن پہلے ہی زمان پارک پر حملہ آور ہوئی، عمران خان کے خلاف (ن) لیگ کی بدنیتی اور مکروہ عزائم بے نقاب ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے عدلیہ کا نام استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زلمے خلیل زاد نے عمران خان کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کر کے عالمی برادری میں پی ڈی ایم کی فاشسٹ حکومت کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، عمران خان کے خلاف پی ڈی ایم حکومت کے فاشسٹ ہتھکنڈوں کو پوری دنیا کے سامنے لائیں گے۔

متعلقہ خبریں