اسلام آباد، اہم شخصیات کی سکیورٹی کیلئے شاہراہوں پر ایچ ڈی کیمرے لگانے کا منصوبہ

اسلام آباد (نیوزڈیسک) اہم ملکی اور غیر ملکی شخصیات کیلئے نیا سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا، ایئرپورٹس سے ریڈ زون کے روٹ پر جدید ترین کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔وفاقی پولیس نے اس پراجیکٹ پر عملدرآمد کیلئے حکومت سے ایچ ڈی کیمروں کی خریداری کیلئے ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد مانگ لیے ہیں، اس حوالے سے فنڈز کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔پراجیکٹ کے تحت تمام کیمرے شاہراہ سری نگر اور شاہراہ اسلام آباد پر نصب کیے جائیں گے، جدید کیمروں سے نورخان ایئر بیس اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے ریڈ زون تک نگرانی ممکن ہو سکے گی، ان روٹس پر صدر، وزیر اعظم، غیر ملکی وفود اور سفارتکاروں کی آمد و رفت ہوتی ہے۔ذرائع کے مطابق خط میں مزید کہا گیا کہ دونوں روٹس پر ایچ ڈی کیمروں کی تنصیب پر 4 کروڑ 53 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی، وی آئی پی موومنٹ کے ساتھ ساتھ ان شاہراہوں کی نگرانی سے جرائم پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔