پاکستان افغانستان کا دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق

اسلام آباد(نیوزڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہونے والے مذاکرات سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیاہے ۔جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بدستور تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر دفاع کی سربراہی میں وفد نے افغانستان کا دورہ کیا جس میں دہشت گردی کے تدارک اور بالخصوص ٹی ٹی پی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہونے والے مذاکرات سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان او ائی سی وزرائے خارجہ کونسل کے تحت خواتین اور اسلام کے موضوع پر 8 مارچ کو کانفرنس کر رہا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور کینیا کے صدر کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے شہید صحافی ارشد شریف کے معاملے پر بھی بات کی، شہباز شریف نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی کے قتل سے متعلق تحقیقاتی ٹیم سے تعاون پر شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے اس تحقیقات میں مزید تعاون کی درخواست بھی کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہنگری کا دو روزہ دورہ حال ہی میں مکمل کیا ہے، دورے میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط ہوئے، مفاہمت کی ایک یادداشت دونوں ملکوں کی فارن سروس اکیڈمیز کے باہمی تعاون کے بارے میں ہے۔ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستان کے طلبہ کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ہو گا۔