اسلام آباد(اے بی این نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ روس،یوکرین جنگ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے،ہم تنازعے کے پرامن حل کی حمایت کرتے ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں صدور نے پاکستان اور یوکرین کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا،صدر زیلنسکی نے صدر مملکت سے گفتگو میں اپنے دس نکاتی امن فارمولے کا حوالہ دیا اور روس۔یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کے مسودے پر پاکستان کی حمایت کا بھی کہا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ روس۔یوکرین جنگ پر پاکستان کو گہری تشویش ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جنگ کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے، حکومت ِ پاکستان کی طرف سے مجوزہ قرارداد کے مندرجات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔















