اسلام آباد ( نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے زوم کے ذریعہ بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (آئی ایف اے ڈی )کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ہیوبرٹ بوئرارڈ سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں نئے آنے والے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر آرنوڈ ہیملرز کو بھی خوش آمدید کہا گیا۔ سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ہوبر بوئراد کے تعاون کو سراہتے ہوئےوفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے تین کروڑ 30اکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے آ ئی ایف اے ڈی اور حکومت پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اورامید ظاہر کی کہ نئے آنے والے کنٹری ڈائریکٹر کی سرپرستی میں آئی ایف اے ڈی سماجی تحفظ کے شعبے بالخصوص نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام (این پی جی پی) کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے آ ئی ایف اے ڈی کے ساتھ تعاون بڑھانے خصوصاً موسمیاتی آفات کے خلاف اقدامات میں تعاون پر زور دیا۔ اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹرآئی ایف اے ڈی ڈاکٹر آرنوڈ ہیملرز نے پاکستان کے لیے ان کے ادارے کی حمایت جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا، اور ان کے استقبالیہ پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔آئی ایف اے ڈی نے پانچ کروڑ چالیس لاکھ امریکی ڈالر کی اضافی امدادکا بھی اشارہ دیا ہے۔ معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی، وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری، پروگرام ڈائریکٹر این پی جی پی اور ٹیم لیڈر سوشل پروٹیکشن ڈیلیوری یونٹ بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔