اسلام آباد (نیوزڈیسک)انسداد دہشت گردی یونٹ اسلام آباد کی تنظیم نو کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا انسداد انتہاء پسندی یونٹ قائم کردیا گیا۔وزارت داخلہ کے جاری اعلامیے کے مطابق انسداد انتہاء پسندی یونٹ سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر انتہاء پسندی پر مبنی مواد کا جائزہ لے گا، مساجد میں خطبوں کی نگرانی بھی کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق نیا یونٹ آپریشنز اور انٹیلیجنس کے علاوہ قائم کیا گیا ہے، انسداد انتہاء پسندی یونٹ کا انچارج ایس پی سطح کا افسر ہوگا، انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پولیس کی ٹیمیں تعلیمی اداروں اور مدارس میں جائیں گی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ انسداد انتہاء پسندی یونٹ کیلئے لسانی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جوائنٹ ایکشن ٹیموں اور جدید تکنیکی مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔















