اسلام آباد ( اے بی این نیوز )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری نے اپنی مبینہ آڈیو کو جعلی قرار دے دیا،جمعرات کو صدر سپریم کورٹ بار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ سوشل میڈیا پر میری پرویز الٰہی کے ساتھ گفتگو کی آڈیو پھیلائی جا رہی ہے، آڈیو میں سپریم کورٹ کے کیس پر اثرانداز ہونے سے متعلق میری پرویز الٰہی سے گفتگو شامل ہے، آڈیو سننے کے بعد یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ وہ آڈیو جعلی ہے، سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ محمد خان بھٹی کا کیس لڑ رہا ہوں یہ گفتگو اس سے متعلق تھی،محمد خان بھٹی پرویز الٰہی کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں، محمد خان بھٹی کے کیس کا سپریم کورٹ میں زیرِ التوا غلام محمود ڈوگر کے کیس سے کوئی تعلق نہیں، میں غلام محمود ڈوگر کا کیس گزشتہ سال نومبر سے دیکھ رہا ہوں، کچھ لوگ اپنے مذموم مقاصد کے لیے قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی کی میری جدوجہد کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، مبینہ آڈیو عدلیہ کی آزادی پر حملے کے مترادف ہے۔