اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وزارتِ داخلہ پاکستان نے سوشل میڈیا اور بعض میڈیا رپورٹس میں متحدہ عرب امارات سے پاکستانی شہریوں کی مبینہ ٹارگٹڈ ڈی پورٹیشن سے متعلق خبروں کو گمراہ کن اور منفی پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق کسی بھی ملک، مخصوص قومیت یا فرقے کے خلاف خصوصی بنیادوں پر بے دخلی کا کوئی عمل جاری نہیں۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی ملک سے ڈی پورٹیشن کے واقعات ہوتے ہیں تو وہ متعلقہ ملک کے قوانین، ویزا شرائط، غیر قانونی دستاویزات، اوور اسٹے یا دیگر قانونی خلاف ورزیوں کے تحت معمول کے طریقہ کار کا حصہ ہوتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یو اے ای سمیت دوست ممالک میں پاکستانی شہری بدستور ورک ویزا اور دیگر قانونی طریقہ کار کے تحت سفر اور ملازمت حاصل کر رہے ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں سامنے آگئیں، جا نئے کتنا مہنگا ہو نے جا رہا ہے؟
حکومت کے مطابق سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی بعض خبریں اور پوسٹس بدنیتی پر مبنی، من گھڑت اور مخصوص مقاصد کیلئے پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ عوام میں بے چینی پیدا کی جا سکے۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ بیرون ملک کسی پاکستانی شہری کو درپیش مسائل کو ہمیشہ سفارتی ذرائع اور وزارت خارجہ کے قائم شدہ چینلز کے ذریعے کیس ٹو کیس بنیاد پر اٹھایا جاتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق اور تحفظ کیلئے مسلسل متحرک ہے اور کسی بھی غیر مصدقہ خبر پر یقین کرنے کے بجائے عوام کو صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کرنی چاہئیں۔















