وفاقی حکومت نے گلگت بلتستانGilgitBaltistan میں سیکیورٹی صورتحال کو مستحکم رکھنے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاک فوج کی تعیناتی میں مزید توسیع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فوجی تعیناتی کی مدت میں 14 جون 2026 تک توسیع کی گئی ہے، جس کا مقصد علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے قبل گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے وفاق کو باقاعدہ درخواست بھیجی گئی تھی۔
حکام کے مطابق یہ تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے، جس کے تحت سیکیورٹی فورسز کو سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں بھی گلگت بلتستان کے تین اہم اضلاع میں فوج تعینات کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق گلگت، سکردو اور شگر کے اضلاع میں پاک فوج کے ساتھ ساتھ سول آرمڈ فورسز بھی تعینات ہیں، جو مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیکیورٹی امور انجام دے رہی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد علاقے میں امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔














