اہم خبریں

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی کے اثرات: پاکستان کا تجارتی خسارہ بڑھ گیا، درآمدات میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد(رضوان عباسی ) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی معاشی دباؤ کے باعث پاکستان کے تجارتی شعبے پر منفی اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ تازہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک کا تجارتی خسارہ اور درآمدات دونوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے وفاقی حکومت کو معاشی محاذ پر نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اپریل کے مہینے میں ماہانہ بنیادوں پر پاکستان کا تجارتی خسارہ 43.50 فیصد بڑھ گیا۔ اس دوران درآمدات میں 28.41 فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں 9.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اپریل میں مجموعی درآمدات 6 ارب 55 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 4 ارب 7 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ سالانہ بنیادوں پر بھی تجارتی خسارہ 3.83 فیصد بڑھا، جبکہ درآمدات میں 7.46 فیصد اور برآمدات میں 14.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 سے اپریل 2026 تک کے عرصے میں تجارتی خسارہ 20.80 فیصد بڑھ گیا ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران پاکستان کا مجموعی تجارتی خسارہ 31 ارب 99 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
اسی مدت میں درآمدات میں 6.94 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی درآمدی حجم 57 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب برآمدات میں 6.25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور مالی سال کے پہلے دس ماہ میں برآمدات کا مجموعی حجم 25 ارب 21 کروڑ ڈالر رہا۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی، توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور درآمدی ضروریات میں اضافہ پاکستان کے تجارتی توازن پر دباؤ بڑھا رہے ہیں، جس کے باعث حکومت کو معاشی حکمت عملی مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں