راولپنڈی(نیوز ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کا پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پرویز مشرف سابق صدر، سابق جوائنٹ چیفس اور آرمی چیف رہے، اللہ مرحوم جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کو غریق رحمت کرے اور اللہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پسماندگان کو صبر و ہمت دے۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیف آف آرمی سٹاف و سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف امریکن اسپتال دبئی میں آج 5 فروری کو انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے ایمیلوئیڈوسس نامی بیماری میں مبتلا تھے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے۔ پرویز مشرف 2001 سے 2008 تک صدر پاکستان کے عہدے پر براجمان رہے۔ سابق صدر کا خاندان 1947 میں نئی دہلی سے کراچی منتقل ہوا تھا۔ پرویز مشرف 1964 میں پاکستانی فوج میں شامل ہوئے، وہ آرمی چیف کے عہدے تک پہنچے ۔















