اسلام آباد (اے بی این نیوز) – چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان نے مکار دشمن کو بروقت اور بھرپور جواب دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا فیصلہ خوش آئند ہے، تاہم ایسی کوششیں کی جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی تکرار نہ ہو۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اگر بھارت کے ساتھ سیز فائر ممکن ہے تو پی ٹی آئی کے ساتھ بھی سیاسی سیز فائر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں اور وہ اس وقت جیل میں ہیں، جب کہ پارٹی قیادت اور کارکنان ان سے ملاقات نہیں کر پا رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قومی یکجہتی کے لیے مضبوط اور یقینی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے خلاف جارحیت میں ملوث تھا اور پاکستان نے اپنی خودمختاری اور مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا بھرپور جواب دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے جو جواب بھارت کو دیا وہ عالمی سطح پر دیکھا گیا، اور اگر بھارت نے آئندہ بھی جارحیت کی تو پاکستان اسی طرح سخت ردعمل دے گا۔