اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قانونی ٹیم نے دہشت گردی کی دفعہ 23 اے کے تحت درخواست دائر کی، جس میں دہشت گردی عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے۔ وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے دلائل میں کہا کہ یہ دہشت گردی عدالت کا کیس نہیں بنتا، لہٰذا مقدمہ متعلقہ عدالت کو منتقل کیا جائے۔ پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ کیس میں دہشت گردی دفعات نہیں بنتی۔ پرامن احتجاج کیا گیا تھا جس پر دہشت گردی کی دفعات لگادی گئیں۔احتجاج آئینی دھارے میں رہتے ہوئے کیا گیا تھا ، عدالت نے درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا اور سماعت 9 فروری تک ملتوی کردی ۔