Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

سپریم کورٹ، صحافیوں کو ہراساں کئے جانے کیخلاف از خود نوٹس کی سماعت آج ہوگی

اسلام آباد(نیوزڈیسک )چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف مبینہ مہم پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے صحافیوں کو نوٹس بھیج کر مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے پرلیے گئے از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بنچ آج پیر کوسماعت کرے گا۔ چیف جسٹس نے ازخود نوٹس پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ (پی اے ایس) اور اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن (آئی ایچ سی جے اے) کی جانب سے مشترکہ قرارداد کی منظوری اور دونوں تنظیموں کے نومنتخب نمائندوں کے ساتھ چیمبر میں ملاقات کے بعد لیا۔جس میں صدرپریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ میاں عقیل افضل ودیگرنے چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی تھی۔صحافیوں کو ہراساں کرنے کے حوالے سے پی اے ایس کی درخواست پر اس کیس کو 2021 میں دائر ایک اور کیس کے ساتھ سنا جائے گا۔عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان، چیئرمین پیمرا، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو بھی ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔