اہم خبریں

نواز شریف بدلے کی آگ میں سیاست کر رہے ہیں،شرجیل میمن

کراچی (نیوزڈیسک)سابق صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ
بانیٔ پی ٹی آئی بدلے کی آگ میں جیل میں ہیں جبکہ نواز شریف بدلے کی آگ میں سیاست کر رہے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو اس پرانی طرز کی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں۔کچھ لوگوں کو اب پی ٹی آئی پر رحم آنا شروع ہوگیا ہے، آج لوگوں کو بانیٔ پی ٹی آئی معصوم نظر آرہے ہیں۔ملک کے عوام چاہتے ہیں ان کے مسائل حل کیے جائیں، لوگوں کے مسائل کا حل کون کرے گا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق اور صاف شفاف الیکشن کی بات کی، پیپلز پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار فیاض بھٹی کو کیتلی کا نشان دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن اس بات کا نوٹس لے۔ پی ڈی ایم کی حکومت میں پیپلز پارٹی شامل نہیں تھی جو وزارتیں پیپلز پارٹی کے پاس تھیں ان کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔جو محکمے پیپلز پارٹی کے پاس تھےان کی کارکردگی دیکھیں۔میں نے 2018ء کا الیکشن جیل سے لڑا اور جیتا، ہم سے تلوار کا نشان لے کر تیر دیا گیا لیکن ہم الیکشن سے نہیں بھاگے اور اب پی ٹی آئی کو جو بھی نشان ملتا ہمیں اس سے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے، مسلم لیگ (ن) کی پالیسی کو لوگ ناپسند کر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) ان کاموں کا کریڈٹ لینےکی کوشش کر رہی ہےجو انہوں نے نہیں کیے، پاکستان کے بچے بچے کو پتہ ہے کس جماعت نے کیا کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اگر کہے کہ انہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا تو یہ غلط ہے، ملک کو ایٹمی طاقت بھٹو نے بنایا جس کی قیمت انہوں نے جان دے کر ادا کی، سی پیک کا کریڈٹ بھی پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے تھرکول کا منصوبہ بند کردیا تھا، تھر کول کا پروجیکٹ بھی پیپلز پارٹی نے شروع کیا۔

متعلقہ خبریں