اہم خبریں

قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل مہنگے، عوام پر اضافی بوجھ برقرار

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں اب بھی پانچ ہفتے قبل کی سطح سے کہیں زیادہ ہیں، جبکہ پیٹرولیم لیوی کے باعث عوام پر اضافی مالی بوجھ بھی برقرار ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 36 دنوں کے دوران حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تین مرتبہ اضافہ اور تین مرتبہ کمی کی۔ اس عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت مجموعی طور پر 61 روپے 16 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی، تاہم بعد ازاں 33 روپے 80 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق حالیہ کمی کے باوجود ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اب بھی 27 روپے 36 پیسے فی لیٹر کا خالص اضافہ برقرار ہے، جس کے اثرات ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز کی وجہ سے عوام کو مکمل ریلیف منتقل نہیں ہو پارہا، جس کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اب بھی صارفین کے لیے مہنگی تصور کی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں بھی خاطر خواہ کمی کرے تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی آسکے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد،تیزرفتارکار2 گاڑیوں اور کئی موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی ، 4افراد جاں بحق

متعلقہ خبریں