Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

پاسبان حریت کا’’بھارت جموں وکشمیر چھوڑدو‘‘ قافلہ تیسرے دن درالحکومت مظفرآباد میں داخل

مظفرآباد (اے بی این نیوز  ) پاسبان حریت کے زیر اہتمام “بھارت جموںو کشمیر چھوڑدو” قافلہ تیسرے دن دارالحکومت پہنچ گیا۔شہر کی مرکزی شاہراہ پر’’یکجہتی جموںو کشمیر ریلی‘‘  کا انعقاد، سرینگر روڈ پر سینکڑوں شہریوں نے انسانی ہاتھوں کی طویل زنجیر بنائی۔ بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی۔ اسلام، آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی ۔ تفصیلات کیمطابق پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام ہفتہ یکجہتی جموں کشمیر مناتے ہوئے سیز فائر لائن چکوٹھی سے تین فروری کو مظفرآباد کی طرف چلنے والا قافلہ آج دارالحکومت پہنچ گیا۔ مانکپیئاں کے مقام پے سینکڑوں شہریوں جن میں خواتین، بچے بزرگ اور جوان شامل تھے نے پیدل قافلے کا استقبال کیا۔ مارچ کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عُزِیر احمدغزالی ، عثمان علی ہاشم، قاری بلال احمد فاروقی، شوکت جاوید میر، ڈاکٹر محمد منظور، چوہدری محمد مشتاق، مشتاق السلام، چوہدری محمد اسماعیل، جاوید احمد مغل ، فرحت قریشی، امّ ایمان، محمد فاروق شیخ، محمد فیاض خان اور غلام مرتضیٰ مغل کررہے تھے۔ “بھارت جموں کشمیر چھوڑو ” مارچ کے شرکاء نے یکجہتی جموں کشمیر مناتے ہوئے سرینگر شاہراہ پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی، شرکاء نے کتبے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر یکجہتی کشمیر کے جملے درج تھے۔

قومی اور ریاستی پرچم لہراتے ہوئے قافلے نے بھارتی قبضے کیخلاف سیاہ جھنڈے اٹھا کر احتجاج کیا۔ مارچ اور یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج ہم پاکستان کے بائیس کروڑ عوام آزاد کشمیر کے چوالیس لاکھ لوگوں اور حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ آزادی اور حق خودارادیت کے سفر میں اہل کشمیر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیری اور پاکستانی عوام کے دینی اور نظریاتی رشتوں کو توڑ نہیں سکتی۔ انکا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی توجہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کی بدترین صورتحال کی طرف مبذول کروانے کیلئے پیدل مارچ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر جہاں نریندرمودی کی سفاک افواج نہتے شہریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔ حالت دن بدن بگڑتے جا رہے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بھارت جان لے جموں کشمیر پر اسکے قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، سلامتی کونسل ریاست میں آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کا فوری انعقاد کو ممکن بنائے۔ اقوامِ متحدہ 5 اگست 2019 کو مقبوضہ ریاست جموں کشمیر میں اٹھائے گئے بھارتی حکومت کے تمام غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قراردے ۔ مقررین نے کہا انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیری قیدیوں کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔ عالمی برادری کشمیری نوجوانوں کو جعلی انکاؤنٹرز میں قتل کرنے والے بھارتی فوجیوں کو عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔ “او آئی سی ” سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں مسلم اکثریت کیخلاف بھارتی سازشیں، اسلامی شعائر اور شناخت پر بھارتی حملوں کو روکے ۔ “بھارت جموں کشمیر چھوڑو” مارچ کے شرکاء نے مانکپیئاں سے تیسری دن مارچ کا آغاز کرتے ہوئے شہید افضل گورو چوک، شہید برہان وانی چوک سے ہوتے ہوئے بنک روڈ پر پہنچے جہاں پر “بھارت جموں کشمیر چھوڑو” مارچ کے دوسرے بڑے مرحلے کا اختتام ہوگیا۔۔۔۔۔