اہم خبریں

کابل یونیورسٹی میں دھماکہ،20طلبہ زخمی

کابل (اے بی این نیوز)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع کابل یونیورسٹی کے طلبہ ہاسٹل میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 20 طلبہ زخمی ہو گئے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی شب طلبہ ڈائننگ ہال کی جانب جا رہے تھے کہ دھماکا ہو گیا جس میں 20 طلبہ زخمی ہو گئے جنہیں علی آباد اسپتال منتقل کیا گیا۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں متعدد ایمبولینسوں کو کابل یونیورسٹی کے ہاسٹل کے باہر دیکھا جا سکتا ہے، جہاں امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

ہاسٹل میں موجود ایک طالب علم نے آڈیو پیغام میں بتایا کہ دھماکے کے بعد پورے ہاسٹل کی سکیورٹی سخت کر دی گئی اور طلبہ کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی۔

دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہو سکی اور نہ ہی کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

طالبان حکومت کی جانب سے تاحال دھماکے کی نوعیت، وجوہات یا ممکنہ ذمہ داروں کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث واقعے سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔


ایک ہفتہ قبل بھی کابل میں زور دار دھماکا ہوا تھا جس کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی ، دھماکا کابل کے علاقے پروان سوہ میں ہوا تھاجو جو شہر کے چوتھے پولیس ڈسٹرکٹ میں واقع ہے اور ایک حساس علاقہ ہے۔

اس دھماکے کی نوعیت، وجہ اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں بھی کوئی سرکاری تفصیلات سامنے نہیں آئی تھیں۔
ً مزید پڑھیں: کنٹریکٹ ملازمین کی سینیارٹی اور پروموشن کا تعین صرف مستقل تقرری کی تاریخ سے ہوگا ،سپریم کورٹ

متعلقہ خبریں