Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب، اپوزیشن ایوان سے بھاگنے پر مجبور

لاہور (نیوزڈیسک ) سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے حکومت کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا اور سینئر وزیر راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال کے نام پکار کر انہیں قرار داد پیش کرنے کی ہدایت کی، اسلم اقبال اور راجہ بشارت نے اعتماد کے ووٹ کیلئے قرارداد سپیکر اسمبلی کو پڑھ کر سنائی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے اعتماد کے ووٹ سے متعلق ارکان کو طریقہ کار بتایا جس کے بعد حکومتی ارکان میں لابی میں جا کر اعتماد کا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ اپوزیشن اراکین اجلاس کا واک آؤٹ کر کے ایوان سے باہر چلے گئے۔

اپوزیشن ارکان کی جانب سے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی گئی اور ارکان نے کرسیاں اٹھا کر ڈائس پر ماریں، رائے شماری کے مرحلے کے دوران ارکان نے شدید احتجاج اور حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر سپیکر سبطین خان نے کہا کہ رولز کے مطابق ایوان کی کارروائی چلا رہا ہوں، کسی کوبھی اندرآنےکی اجازت نہ دی جائے، جوپرویزالہٰی کوووٹ دیناچاہتےہیں وہ ارکان لابی میں چلےجائیں۔پولنگ عمل کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے، پرویز الٰہی نے کل 186 ووٹ حاصل کئے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا اور ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر سبطین خان کی زیر صدارت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا ، سپیکر نے اراکین کو ایوان میں بلانے کے لیے گھنٹیاں بجائیں اور پھر اجلاس 12 بج کر 5 منٹ تک ملتوی کر کے قانونی تقاضوں کو پورا کیا اور پھر اجلاس شروع کیا۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ انہوں نے اس بے چارے گورنر کو بھی کہیں کا نہیں چھوڑا ، شریف آدمی گورنر کی عزت خاک میں ملا دی ، ان کی اپنی توعزت ہی نہیں ہے دلیر بنو شکست کو تسلیم کرو، انہوں نے یہاں لیٹنا شروع کر دیا ہے۔
وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ ہماری جو وکلا کی ٹیم ہے ان کا اور عمران خان کی ٹیم کی قیادت میں اسد عمر ، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر ، عمر چیمہ ، حافظ فرحت عباس، زلفی بخاری کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اپنی خواتین کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

ووٹنگ میں اتحادی حکومت کے 186 اراکین نے پرویز الہیٰ پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی ہوئی اور سپیکر سبطین خان نے چوہدری پرویز الہیٰ کی کامیابی کا اعلان کیا۔بعدازاں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ن لیگ والو نے پچھلے ایک ماہ سے شور کیا ہوا تھا، یہ بارات لے کر آئے تھے ان کی ڈولی اور جھولی خالی ہو گئی ہے ، اب ن لیگ رائے ونڈ کے ایک کونے کی جماعت رہ گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت میں دین کا کام ہوگا، جو پہلے بھی ہوا ہے ، پہلی سے پانچویں سے ناظرہ اور ایف اے تک قرآن کریم ترجمہ تک پڑھایا جائے گا۔بعدازاں پنجاب اسمبلی کا اجلاس 23 جنوری دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔