لاہور( اے بی این نیوز ) تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کر لیا گیا۔صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الہی کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے دوبارہ چودھری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ اور قریبی سڑک کا گھیراؤ کیا۔پولیس نے چودھری پرویز الٰہی کی گاڑیوں کو ظہور الٰہی روڈ کے گول چکر پر ناکے پر گھیرے میں لے کر انہیں گرفتار کر لیا، پرویز الٰہی کے ترجمان نے بتایا کہ چودھری پرویزالہیٰ کی گاڑی کے شیشے بھی توڑے گئے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان کی رہائش گاہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا، پولیس ان کی ریکی کر رہی تھی، گرفتاری کے وقت پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی، پرویز الٰہی کے ترجمان نے گرفتاری کی تصدیق کر دی۔بتایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی کو گرفتار کر کے اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا گیا، چودھری پرویز الٰہی اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کو مطلوب تھے، پولیس کے اعلیٰ حکام بھی ظہور الٰہی روڈ پہنچ گئے۔قبل ازیں اینٹی کرپشن عدالت گوجرانوالہ نے صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت خارج کردی تھیاینٹی کرپشن عدالت گوجرانوالہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ پرویز الہٰی کی عدم پیشی پر عدالت نے عبوری ضمانت خارج کردی۔مقدمات میں چودھری پرویز الہٰی کے خلاف ترقیاتی اسکیموں میں کِک بیکس لینے کے الزامات ہیں۔ ادھر ایف آئی اے منی لانڈرنگ سرکل میں آج طلبی پر مونس تاحال پیش نہ ہوئے۔دوسری جانب نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی انکوائری میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 5 جون کو طلب کرلیا۔















