9 مئی واقعات، ایسے امر کو برداشت نہیں کرینگے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر

اسلام آباد(اے بی این نیوز )آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔پاکستان بھر میں ملی جوش جو جذبے سے منائے جانے والے یومِ تکریم شہداءِ پاکستان کے حوالے سے جنرل سیّد عاصم منیر نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا ۔اسلام آباد پولیس کے آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔سپہ سالار کا کہنا تھا کہ وہ شہداء جنہیں اللہ نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی، اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ شہداء کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج کے دن عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔قبل ازیں پولیس لائن آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف کا استقبال انسپیکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کیا۔