9 مئی واقعات، کسی سے زیادتی نہیں ہوگی لیکن مجرم نہیں بچ پائے گا، وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد(نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد نو مئی کو ہونے والے پر تشدد مظاہروں میں ملوث افراد کی گرفتاریوں اور قانونی کارروائی سے متعلق وزیراعظم نے کہا ہے کہ کسی بے گناہ سے زیادتی نہیں ہوگی لیکن کوئی مجرم سزا سے بچ نہیں پائے گا،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں اعلی سطح اجلاس ہوا، نگراں وزیراعلی پنجاب، سیکیورٹی حکام نے شرکت کی،اجلاس میں 9 مئی میں ملوث کرداروں کی قانونی گرفت کے لیے اقدامات، گرفتاریوں، قانونی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ کسی بے گناہ سے زیادتی نہیں ہوگی لیکن کوئی مجرم سزاسے بچ نہ پائے گا۔آڈیو لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔اجلاس میں شریک وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کمیشن آڈیوز کی حقیقت جاننے کے لیے ان کا فارنزک آڈٹ کرواسکتا ہے، اعلیٰ عدالتوں پر عوام کا اعتماد بنیادی چیز ہے، ججوں کی ساکھ پر کوئی آنچ آئے تو انگلیاں اٹھتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ نے کمیشن آف انکوائریز ایکٹ 2017ء کے تحت آڈیو لیکس کمیشن قائم کیا، عمران نیازی نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، عمران نیازی نے جو ملک کو نقصان پہنچایا اس کی مثال نہیں ملتی۔شہباز شریف نے ہدایت دی کہ ملک و قوم کو اکٹھا کرنے، حالات بہتر بنانے، اداروں اور عوام میں اعتماد کی فضا برقرار کرنے کے لیے خوب محنت کریں، ملک، قوم اور سب ادارے ہمارے ہیں، اس لیے ان میں دراڑیں ڈالنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں، مہنگائی کے اس دور میں غریب کو بڑے ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔