فیصل آباد(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 14 مئی کو الیکشن ہوتے نظر نہیں آ رہے اگر ہوئے بھی تو انہیں کوئی تسلیم نہیں کرے گا، ہمارا اصولی مؤقف ہے الیکشن ایک دن ہوں، حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے۔آج فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے نفاذ سے پہلے عدالتی آرڈر ہماری نظر میں غیر آئینی ہے، پارلیمنٹ سے بل مسترد ہونے پر حکومت الیکشن کمیشن کو پیسے دینے کی مجاز نہیں ہے، دعا ہے سیاسی بحران حل ہو اور نفرت کا کلچر ختم ہو،آئین میں ہے اسمبلی جائز وجہ سے تحلیل ہوں تو 90 دن میں الیکشن ہوں مگر عمران خان نے کسی جائز وجہ سے تو اسمبلی نہیں توڑی، کے پی میں 90 دن کے الیکشن کروانے یا 14 مئی کو الیکشن کا کیوں نہیں کہا جا رہا، ہمارا الیکشن سے فرار نہیں اصولی مؤقف ہے کہ ایک دن الیکشن ہوں، تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کر الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کریں۔ ہم نے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جو پی ٹی آئی سے بات کرے گی، ہماری کوشش ہے 26اپریل کو بیٹھ کر بات کریں،کیا ہی اچھا ہو عدلیہ کے 15 ججز مل کر بیٹھ جائیں اور متفقہ فیصلہ کرلیں، ملکی صورتحال میں اگلے چند دنوں میں الیکشن کا انعقاد کرنا ناممکن نظر آتا ہے۔















