اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے،مساجد و عیدگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے ،ملک و قوم کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،کسی نامنسب واقعات سےبچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ علمائے کرام نے خطبات میں عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفہ پر روشنی ڈالی ،وفاقی دارالحکومت میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ اعلیٰ سرکاری افسران اور مسلم ممالک کے سفراء نے نماز عید ادا کی۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں عید کی نماز ادا کی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں عید کی نماز پڑھائی، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے لیاقت باغ میں عید نماز ادا کی،کراچی کے پولوگراؤنڈ (باغ جناح) میں گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے عید کی نماز ادا کی ،پشاور میں مرکزی اجتماع عیدگاہ چارسدہ روڈ پر ہوا، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں نماز عید ادا کی جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کی۔�















