اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کی شکایت خارج ، آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر ۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنےکے لیے آج طلب کر رکھا ہے، عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کرکے آج پیشی کا حکم دیا تھا۔عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہےکہ عمران خان جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے، ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشنز دائر کی ہیں، عمران خان کو سکیورٹی تھریٹس ہیں، عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا اور وہ زخمی بھی ہوئے۔وکیل خواجہ حارث نے حاضری سے استثنیٰ کے ساتھ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی شکایت ناقابل سماعت قرار دینےکی استدعا بھی کردی۔خواجہ حارث نے درخواست کی کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے پہلےکیس کے قابل سماعت ہونےکا فیصلہ کیا جائے، عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن نے توعمران خان کےخلاف شکایت کی نہیں، عمران خان کے خلاف شکایت ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نےکی، شکایت میں صرف ہدایات دی گئیں کہ عمران خان کے خلاف کارروائی کی جائے۔عمران خان کے وکلا نے فردجرم عائد کرنےکی مخالفت کردی اور دلائل میں کہا کہ عمران خان کونوٹس جاری ہوں گے،پیش نہ ہونے پروارنٹ جاری ہوسکتے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج تک وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنےکا فیصلہ دیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھانےکی ڈائریکشن دی ہے۔خیال رہےکہ عمران خان کے خلاف خاتون جج کو دھمکانے اورکاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی ٹیریان کو چھپانےکےکیسز کی سماعت بھی آج ہونا ہے۔خاتون جج کو دھمکانےکےکیس کی سماعت سول جج رانا مجاہد رحیم کریں گے، ذرائع کے مطابق اس کیس میں ویڈیولنک کی درخواست کی بنیاد پر استثنیٰ مانگا جائےگا۔دوسری جانب تحریک انصاف نے آج لاہور میں عمران کی قیادت میں ریلی نکالنےکا اعلان کیا ہے۔















