اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بحران اتحادی حکومت کو ورثے میں ملا ہے، حکومت معاشی بحالی کیلئے کوشاں ہے،ملک کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جلد معاشی مسائل پر قابو پالیں گے۔ آج اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کی امید ہے، حالات جیسے بھی ہوں سابق حکومت کے معاہدوں کی پاسداری کی جائے گی۔مسلم لیگ ن نے گزشتہ دور میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا، ن لیگ کے پچھلے دور میں پاکستان 24 ویں بڑی معیشت بن گیا تھا، پاکستان ایشیا کی بہترین مارکیٹ تھی، 2018 سے پاکستان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے،عمران خان نے آئی ایم ایف کے پروگرام سے انحراف کیا، ترقیاتی اداروں کے اعتماد کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کے باعث بیرونی سرمایہ کاری کافقدان پیدا ہوا اور بجٹ خسارے میں اضافہ ہوا۔















