لاہور (اے بی این نیوز) ڈیفنس کے علاقے میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور ذیشان رضا کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ عاصم افتخار کریں گے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی چند روز قبل لاہور پہنچی تھی، جہاں دو نامعلوم لڑکیوں نے اسے مبینہ طور پر ورغلا کر ایک کیفے میں بلایا۔ پولیس کے مطابق کیفے میں دونوں لڑکیوں کے تین ساتھی بھی موجود تھے، جہاں غیر ملکی لڑکی کو مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلانے کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان بعد ازاں متاثرہ لڑکی کو ایئرپورٹ کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کا ایک دن میں کروڑ روپے خرچ کرنے کا چیلنج، سوشل میڈیا پر تنقید















