کراچی (اے بی این نیوز) بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر پولیو، گردن توڑ بخار، یلو فیور اور انفلوئنزا ویکسی نیشن سینٹر نے کام شروع کردیا ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے فوکل پرسن ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق 14 ستمبر کے بعد نادرا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر مسافروں کے لیے سفر کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ویکسی نیشن کے لیے فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری واحد مجاز مرکز ہے، جبکہ مخصوص ممالک سے سفر کرنے والے مسافروں، عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
فوکل پرسن کے مطابق اس پابندی کا فوری اطلاق کراچی سے سفر کرنے والے مسافروں پر ہوگا، جس کے بعد مرحلہ وار پشاور، اسلام آباد اور لاہور کے مسافروں کے لیے بھی اس شرط کا اطلاق کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمرہ زائرین سفر سے قبل مجاز نادرا ویکسی نیشن سینٹر سے سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ افریقہ، وسطی اور جنوبی امریکا سے آنے والے مسافروں کے لیے یلو فیور ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔
ان کے مطابق افریقہ، وسطی اور جنوبی امریکا میں 10 گھنٹے یا اس سے زائد ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کے لیے بھی ویکسی نیشن لازمی ہوگی، جبکہ ایک سال یا اس سے زائد عمر کے مسافروں کو پاکستان میں داخلے کے وقت ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
حکام کے مطابق جن مسافروں کے پاس فی الحال سرٹیفکیٹ موجود نہیں، وہ کم از کم 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں۔ کراچی ایئرپورٹ کے روانگی حصے میں ویکسی نیشن کے لیے ہیلتھ کاؤنٹرز کا انتظام کیا جارہا ہے۔
تمام ایئرلائنز کے اسٹیشن منیجرز اور سفری ایجنٹس کو بھی اس حوالے سے آگاہی کے نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے ویکسی نیشن سینٹر میں اتوار کو بھی عمرہ زائرین کا رش رہا، جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر ویکسین کاؤنٹر کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 14 ستمبر کے بعد عمرے کے لیے سفر کرنے والے زائرین ویکسی نیشن کروا رہے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نادرا ایپ یا سہولت مرکز سے بائیو میٹرک کے بعد ویکسی نیشن سینٹر آئیں۔
مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق مختلف ویکسی نیشنز کی مجموعی فیس ساڑھے 4 ہزار روپے تک ہے، جبکہ فیس نادرا ایپ یا سہولت مرکز کے ذریعے ادا کی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں:عوامی ریلیف کے لیے پی ٹی آئی کا بڑا قدم، جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کردی















