کراچی (اے بی این نیوز) سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے صوبے میں اسکولوں کے اوقات کار ایک گھنٹہ کم کرنے کا اعلان کردیا۔
سردار شاہ نے یہ اعلان اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کیا، تاہم نئے سکول اوقات کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں اسکولوں سے باہر بچوں کی بڑی تعداد ایک بڑا چیلنج ہے اور حکومت اب تک یکساں تعلیمی پالیسی نہیں بنا سکی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث 20 ہزار سکولوں کی چار دیواری متاثر ہوئی جبکہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو تعلیم پر سب سے کم خرچ کرتے ہیں۔
سردار شاہ نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پی ایس ڈی پی کے ذریعے تعلیمی مراکز کے لیے فنڈز فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی بیسڈ سینٹرز کے ذریعے لاکھوں بچوں کو تعلیم دی جارہی ہے تاہم مہنگائی کی وجہ سے ان مراکز کے اخراجات میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
مزید پڑھیں:بلدیاتی انتخابات: خیبرپختونخوا حکومت کو قانون سازی کیلئے 3 ہفتے کی مہلت















