نوابشاہ (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ میں ایک ہی جماعت ہے، وہ پی ٹی آئی ہے۔
نوابشاہ میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ کوئی ایم پی اے یا ایم این اے میرے خاندان کا فرد نہیں بنا، میں کسی کے کندھے پر سوار نہیں آیا، میں نے اپنی سیاست کی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ جس کی تصویر اور نام سے ہم ڈرتے ہیں وہ پاکستان کی بات کرتا ہے۔ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں، اگر بانی کو کرسی کا لالچ ہوتا تو وہ بھی ان کی طرح بیمار پڑ کر چلے جاتے، وہ جانتے ہیں کہ آج جھکیں گے تو کوئی کھڑا نہیں رہے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بانی کو ہٹانے کے بعد پاکستان کا قرضہ 43 ہزار سے بڑھ کر 94 ہزار ارب روپے ہوگیا، وہ پاکستان کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے، ان کی کوئی پالیسی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی واحد لیڈر ہیں جو ہمیں اس دلدل سے نکال سکتے ہیں، مجھے دنیا کی کوئی طاقت نہیں ڈرا سکتی، میں بانی پی ٹی آئی کا سپاہی ہوں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت بانی کی صحت سے کھیل رہی ہے، عدالتی احکامات پر عمل نہیں کر رہے، ہم بانی کے شیر ہیں، ہمارا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر، اویس لغاری کی ہدایت پر زیرالتوا نیٹ میٹرنگ درخواستیں حل















