اسلام آباد (اے بی این نیوز) ملک میں ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق یکم ستمبر سے ایل پی جی کی قیمت میں 4 روپے 33 پیسے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمت میں اضافے کے بعد 11.8 کلوگرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 51 روپے 17 پیسے بڑھ کر 3 ہزار 52 روپے 9 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی پروڈیوسر قیمت 2 لاکھ 17 ہزار 351 روپے 52 پیسے فی میٹرک ٹن مقرر کی گئی ہے، جبکہ 11.8 کلوگرام سلنڈر کے حساب سے پروڈیوسر قیمت 2 ہزار 564 روپے 75 پیسے بنتی ہے۔
ایل پی جی کی مارکیٹنگ، ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسپورٹیشن کے لیے مجموعی طور پر 35 ہزار روپے فی میٹرک ٹن مارجن شامل کیا گیا ہے، جو 11.8 کلوگرام سلنڈر کے لیے 413 روپے بنتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مارکیٹنگ مارجن 17 ہزار روپے، ڈسٹری بیوشن مارجن 10 ہزار روپے اور ٹرانسپورٹیشن چارجز 8 ہزار روپے فی میٹرک ٹن مقرر کیے گئے ہیں۔
ان مدات پر 18 فیصد جی ایس ٹی کی مد میں مزید 6 ہزار 300 روپے فی میٹرک ٹن جبکہ 11.8 کلوگرام کے سلنڈر پر 74 روپے 34 پیسے شامل ہوں گے۔
یوں پروڈیوسر قیمت، مارکیٹنگ، ڈسٹری بیوشن، ٹرانسپورٹیشن اور جی ایس ٹی سمیت دیگر متعلقہ اخراجات شامل کرنے کے بعد 11.8 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی مجموعی صارف قیمت 3 ہزار 52 روپے 9 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
فی میٹرک ٹن ایل پی جی کی مجموعی قیمت 2 لاکھ 58 ہزار 651 روپے 52 پیسے مقرر ہوئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا، جس کے بعد ایل پی جی استعمال کرنے والے صارفین کو اضافی رقم ادا کرنا پڑے گی۔
مزید پڑھیںٌ:بلاول بھٹو نے منگنی اور شادی کی خبروں کی تردید کردی، سوشل میڈیا پر بڑا بیان















