اسلام آباد (اے بی این نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 30 اگست سے 4 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال جاری کردی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
پنجاب میں کن علاقوں میں بارش متوقع؟
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ مری، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا اور گجرات میں بارش ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی بارش اور آندھی کا امکان
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم اور وزیرستان سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش کی پیشگوئی
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر اور استور سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
آزاد کشمیر میں مظفرآباد، نیلم ویلی، پونچھ، باغ، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دونوں خطوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔
سندھ میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر
تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کردیا اور ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔اتھارٹی نے مسافروں اور سیاحوں کو سفر سے قبل موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال میں مدد کے لیے 911 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:پمز سانحہ، وزیراعظم شہباز شریف نے بڑا فیصلہ سنا دیا















