اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پمز آتشزدگی واقعے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے نشاندہی کیے گئے 8 افراد کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ فوجداری قوانین کے تحت بھی کارروائی کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔
جن افراد کے خلاف کارروائی کی منظوری دی گئی، ان میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس علی شاہ، نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی پمز محمد عثمان اور سی ڈی اے ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمن شامل ہیں۔
وزیراعظم نے پمز میں سیکیورٹی پر مامور کمپنی اور اس کے عہدیداران کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی۔
شہباز شریف نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود بچے کو بچانے والی نرس کے لیے ستارۂ خدمت دینے کی منظوری بھی دی، جبکہ وارڈ میں موجود ایک نرس اور خاتون گارڈ کو او ایس ڈی بنا کر مزید تحقیقات کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد سلمان، سی ای او نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)، کو پمز کا قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جن افسران کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے، ان کی جگہ نئے افسران کی فوری اور یکمشت تعیناتی کی جائے۔
وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ فوری طور پر عوام کے سامنے لانے کی بھی ہدایت کردی۔ رپورٹ وزارتِ قومی صحت کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں، واقعے کے ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کی موت ایک انتہائی اندوہناک واقعہ ہے جس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ بچوں کے والدین کے ساتھ ان سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کو مثالی سزا دلوائی جائے گی تاکہ آئندہ کسی کی مجرمانہ غفلت کے باعث کسی ماں سے اس کا لختِ جگر جدا نہ ہو۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ اور سید مصطفیٰ کمال، تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ شاہد خان، ارکان بیرسٹر نبیل اعوان، میجر جنرل (ر) خورشید اترا اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:ضمنی انتخاب، پیپلزپارٹی کا ن لیگی امیدوار کی حمایت کا اعلان















