اہم خبریں

ضمنی انتخاب، پیپلزپارٹی کا ن لیگی امیدوار کی حمایت کا اعلان

ضمنی انتخاب، پیپلزپارٹی کا ن لیگی امیدوار کی حمایت کا اعلان

بہاولپور (اے بی این نیوز) این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب سے قبل سیاسی صف بندی میں اہم تبدیلی سامنے آگئی، پاکستان پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار دستبردار ہوں گے اور کارکن مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔

علی حیدر گیلانی کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ جذبۂ خیرسگالی کے تحت کیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری سعود مجید نے کہا کہ این اے 168 کے امیدوار کا حتمی فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ملک منیر چنڑ اور سعد مسعود کے کاغذاتِ نامزدگی جمع ہیں۔

پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت کے اجلاس میں بھی ضمنی انتخاب سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے تمام امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیں گے۔

واضح رہے کہ این اے 168 بہاولپور کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر ضمنی انتخاب 27 ستمبر کو ہوگا۔
مزید پڑھیں‌:مراد سعید کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع، بڑی خبر سامنے آگئی

متعلقہ خبریں