اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے سانحہ پمز کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس آج شام لاہور میں ہوگا، جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، متعلقہ حکام اور دیگر اہم وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔
اجلاس میں سانحہ پمز کی تحقیقاتی رپورٹ پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی جب کہ سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی تیار کردہ رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر غور کے بعد آئندہ کے اقدامات کے حوالے سے متعلقہ اداروں اور حکام کو ضروری ہدایات جاری کریں گے۔
یاد رہے کہ سانحہ پمز سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پہلے ہی وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کے سربراہ سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے رپورٹ وزیراعظم آفس میں جمع کرا دی تھی۔
اب توقع ہے کہ اجلاس میں رپورٹ کے اہم نکات، واقعے کی وجوہات اور ذمہ داری کے تعین کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات پر غور کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پاکستان مستقبل کی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کیلئے تیار ہے،بلال بن ثاقب















