دبئی (اے بی این نیوز)ایمریٹس گروپ نے ایوی ایشن اور کارپوریٹ شعبوں میں 100 سے زائد ملازمتوں کے لیے بھرتی مہم شروع کردی ہے، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایمریٹس گروپ کی دستیاب آسامیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ و مینٹیننس، ایئرپورٹ آپریشنز، لاجسٹکس، ہیومن ریسورسز اور کسٹمر سروس سمیت متعدد شعبے شامل ہیں۔
امیدوار ایمریٹس گروپ کے کیریئر پورٹل کے ذریعے مختلف آسامیوں کے لیے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ ملازمین کے لیے مراعاتی پیکیج میں ٹیکس فری تنخواہ، فرنشڈ رہائش یا ہاؤسنگ الاؤنس، جامع طبی انشورنس، ملازم اور اہل خانہ کے لیے سالانہ ہوائی ٹکٹ، سفری رعایتیں اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
پائلٹس کے لیے لاکھوں درہم کا پیکیج
ایمریٹس گروپ میں پائلٹ کی ملازمت بھی پرکشش عہدوں میں شامل ہے، جس کا سالانہ مجموعی معاوضہ تقریباً 12 لاکھ درہم بتایا گیا ہے۔
اس پیکیج میں ماہانہ اوسطاً 85 فلائٹ گھنٹوں کی بنیاد پر تقریباً 5 لاکھ 75 ہزار درہم سالانہ نقد تنخواہ بھی شامل ہے۔
کمپنی کی جانب سے رہائش، تین بچوں تک تعلیمی الاؤنس، 42 دن کی سالانہ چھٹی، اہل خانہ کے لیے سالانہ بزنس کلاس سفری سہولت، ریٹائرمنٹ سیونگز میں شراکت، جامع انشورنس اور کمپنی کی کارکردگی سے مشروط سالانہ منافع میں شرکت کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
نیشنل کیڈیٹ پائلٹ پروگرام کے لیے بھی بھرتی
ایمریٹس گروپ اپنے نیشنل کیڈیٹ پائلٹ پروگرام کے لیے بھی بھرتی جاری رکھے ہوئے ہے۔ تربیت کے ابتدائی مرحلے، یعنی گراؤنڈ اسکول اور فلائٹ ٹریننگ کے دوران کیڈیٹس کو 6,365 درہم ماہانہ دیے جاتے ہیں۔
ایئرکرافٹ ٹائپ ریٹنگ ٹریننگ کے دوران یہ رقم بڑھ کر 18,335 درہم جبکہ لائن ٹریننگ کے دوران 31,745 درہم ماہانہ تک پہنچ جاتی ہے۔
پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد فرسٹ آفیسرز کو مختلف الاؤنسز سمیت تقریباً 52 ہزار درہم ماہانہ کا پیکیج دیا جاتا ہے۔
کیبن کریو کے لیے بھی روزگار کے مواقع
ایمریٹس کیبن کریو کو بھی ٹیکس فری تنخواہ فراہم کرتا ہے، جس میں 4,980 درہم ماہانہ بنیادی تنخواہ کے ساتھ ہر فلائٹ گھنٹے کے عوض 69.60 درہم فلائنگ پے شامل ہے۔
ماہانہ اوسط فلائٹ اوقات کی بنیاد پر کیبن کریو کی مجموعی ماہانہ آمدنی تقریباً 11 ہزار درہم تک پہنچ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ ڈیوٹی کے دوران کھانے کے الاؤنس، ہوٹل میں رہائش اور ایئرپورٹ آمدورفت کے لیے ٹرانسپورٹ بھی کمپنی کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے۔
ایمریٹس گروپ کی جانب سے جاری کردہ مختلف آسامیوں میں دلچسپی رکھنے والے امیدوار کمپنی کے آفیشل کیریئر پورٹل پر جاکر اہلیت اور ملازمت کی تفصیلات دیکھنے کے بعد درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: بابراعظم اور عبداللہ شفیق کی شاندار ترقی















